ہرارے(سپورٹس نیوز) آئی سی سی ورلڈکپ 2027 کے لئے زمبابوے کا نیا تعمیر ہونے والا وکٹوریا فالز اسٹیڈیم تکمیل کے آخری مراحل میں پہنچ گیا ہے جس پر آئی سی سی انسپکشن ٹیم نے کام پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔آئی سی سی ورلڈکپ 2027 کی ٹورنامنٹ ڈائریکٹر سارہ ایڈگر نے ٹیم کے ہمراہ زمبابوے کے تینوں وینیوز کی انسپکشن کی۔زمبابوے ورلڈکپ 2027 کی میزبانی کے لئے نیا وکٹوریا فالز اسٹیڈیم تعمیر کر رہا ہے جس نے ورلڈکپ کے 4 میچزکی میزبانی کرنی ہے۔اس نئے تعمیر ہونے والے اسٹیڈیم میں فنشنگ کا کام جاری ہے اور جلد ہی یہاں ٹرائل میچ کروایاجائے گا۔ہرارے اور بلاوایو میں موجودہ گرائونڈز اور اسٹیڈیمزپر ٹورنامنٹ کی ضروریات کے مطابق کام جاری ہے۔مینجنگ ڈائریکٹر زمبابوے کرکٹ گیویمور ماکونی کاکہناتھا کہ مین بلڈنگ کا کام مکمل ہوگیا ہے اب فنشنگ کے کام پر توجہ ہے۔




