آبی آلودگی کے خاتمے کیلئے تمام ادارے ذمہ داریاں ادا کریں

ساہیوال (بیوروچیف) ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی کی زیر صدارت آبی آلودگی کی روک تھام کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر جنرل غلام حسین بھٹی، ڈائر یکٹر پبلک ریلیشنز محمد طارق اسماعیل، ایکسین ایریگیشن محمد طلحہ، ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ فشریز، محکمہ ماحولیات اور ستھرا پنجاب کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کی جانب سے آبی آلودگی کی روک تھام کے لیے کیے گئے اقدامات اور انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ افسران نے آبی ذخائر، نہروں اور دیگر آبی ذرائع کو آلودگی سے محفوظ رکھنے کے لیے جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں حکومت پنجاب کی جانب سے آبی آلودگی کے تدارک، صاف ستھرے ماحول کے فروغ، صنعتی و گھریلو فضلے کی مناسب تلفی، نہروں اور آبی گزرگاہوں میں گندگی کے اخراج کی روک تھام اور ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد کیلئیکیے جانیوالے اقدامات پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ ایڈیشنل کمشنر ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی نے کہا کہ حکومت پنجاب صاف اور صحت مند ماحول کی فراہمی کیلئیعملی اقدامات کر رہی ہے، آبی آلودگی کی روک تھام بھی اسی ماحولیاتی تحفظ کی پالیسی کا اہم حصہ ہے۔ تمام متعلقہ ادار ے باہمی رابطے کے ساتھ آبی ذرائع کو آلودگی سے محفوظ رکھنے کے لیے مؤثر نگرانی اور عملی اقدامات یقینی بنائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ آبی ذرائع میں گندگی، سیوریج اور دیگر فضلہ پھینکنے کے عمل کی روک تھام کے لیے فیلڈ مانیٹرنگ مزید مؤثر بنائی جائے اور خلاف ورزی کے مرتکب عناصر کے خلا ف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ صاف پانی انسانی صحت، ماحول اور آبی حیات کے تحفظ کے لیے انتہائی اہم ہے، اس لیے آبی آلودگی کے خاتمے کے لیے تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں