فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف، وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب محترمہ عظمی بخاری اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس(PUCAR) محبوب عالم چوہدری کی ہدایات کی روشنی میں ماہِ ربیع الاول کے مقدس ایام کی مناسبت سے فیصل آباد آرٹس کونسل میں قرآنی خطاطی کے فن پاروں پر مشتمل ایک شاندار، روح پرور اور بامقصد نمائش کاانعقاد کیا گیا جس کا افتتاح ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) محمد آصف چوہدری نے کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (انفورسمنٹ) مراد حسین نیکوکارہ بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ ڈائریکٹر فیصل آباد آرٹس کونسل محمد عمران رضا،مختلف سرکاری افسران، فنکاروں، سول سوسائٹی کے نمائندگان، طلبہ و طالبات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔شرکا نے نمائش کا تفصیلی دورہ کیا اور قرآنی خطاطی کے فن پاروں میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے فنکاروں کی تخلیقی صلاحیتوں، فنی مہارت اور کاوشوں کو سراہا۔ نمائش میں معروف خطاط نثار احمد، گلزار بٹ، قمر سلطان، سلامت علی سمیت دیگر فنکاروں کے تیار کردہ خوبصورت اور دیدہ زیب فن پارے آویزاں کئے گئے تھے۔ نمائش میں پیش کئے گئے فن پاروں کے ذریعے قرآنِ کریم کی آیات کی خوبصورت خطاطی کے ساتھ ساتھ حضور نبی کریم حضرت محمد مصطفی ۖ سے محبت و عقیدت کے جذبات کو بھی اجاگر کیا گیا۔ فنکاروں نے کہا کہ وہ اپنے فن کے ذریعے قرآنِ کریم سے وابستگی اور رسولِ اکرم ۖ سے والہانہ محبت و عقیدت کا اظہار کرتے ہیں۔ نمائش میں آویزاں فن پاروں میں خطاطی کی فنی جمالیات کے ساتھ روحانی کیفیت بھی نمایاں تھی جہاں ہر حرف میں نور، ہر خط میں عقیدت اور ہر فن پارے میں عشقِ رسول ۖ کی جھلک محسوس کی گئی۔




