میکے (سپورٹس نیوز) آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں شکست دے کر سیریز برابر کر دی۔آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کو اننگز اور 51 رنز سے شکست دی ، بنگلہ دیش کی جانب سے دوسری اننگز میں 9کھلاڑی ڈبل فگرز میں شامل نہ ہو سکے۔ نجم الحسین 31 اور مشفیق الرحمان 29 رنز کیساتھ نمایاں رہے۔بنگلہ دیش کی ٹیم دوسری اننگز میں 95 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔ پہلی اننگ میں بھی بنگلہ دیش کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام ہوئی تھی اور صرف 64 رنز پر پوری ٹیم ڈھیر ہو گئی تھی۔بنگلہ دیش کیخلاف دوسرا ٹیسٹ آسٹریلیا کا دوسرا مختصر ترین ٹیسٹ رہا جبکہ یہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا چوتھا مختصر ترین ٹیسٹ ہے ،بنگلہ دیش کی ٹیم پہلی بار دونوں اننگز میں 100 سے کم رنز پر آل آئوٹ ہوئی۔ 21 سال بعد پہلی بار کسی ٹیم کو دونوں اننگز میں 100 سے کم رنز پر آل آئوٹ کیا گیا۔آسٹریلوی فاسٹ بالر مچل اسٹارک پلیئرآف دی میچ اور پلیئرآف دی سیریزقرار دیئے گئے ، انہوں نے دو میچوں کی سیریز میں سب سے زیادہ 12 وکٹیں حاصل کیں۔آسٹریلیا کی ٹیم نے پہلی اننگ میں 210 رنز بنائے تھے جس میں کیمرون گرین کی شاندار 67 رنز کی اننگ شامل تھی۔ آسٹریلوی ٹیم بھی اننگ کے آغاز پر مشکلات کا شکار رہی ، جب ٹیم نے ابتدائی تین وکٹیں صرف 41 کے اسکور پر گنوائیں تاہم بعد میں کیمرون گرین اور اسٹیو اسمتھ نے ٹیم کو سہارا دیا۔آسٹریلیا کے فاسٹ بالر مچل اسٹارک نے پہلی اننگ میں 6 اور دوسری میں 4 وکٹیں لے کر میچ میں 10 وکٹیں حاصل کیں ، جبکہ کپتان پیٹ کمنز کے حصے میں 6 وکٹیں آئیں۔ بنگلہ دیش کی جانب سے شرف الاسلام نے 7 وکٹیں حاصل کیں۔پہلے ٹیسٹ میں بنگلہ دیش نے آسٹریلیا کو شکست دی تھی ، دوسرے میچ میں آسٹریلیا کی جیت کے بعد 2 میچز کی ٹیسٹ سیریز 1-1 سے برابر ہو گئی۔




