شورکوٹ چھاؤنی (نامہ نگار)ائیر بیس کے گرد آسمان پر منڈلاتے پرندے جہازوں اور پائلٹ کیلئے بلٹ اور میزائل کی طرح خطرناک ہیں،ائیر کموڈور عدیل شہاب قریشی۔پی اے ایف بیس رفیقی شورکوٹ میں برڈ ہیزرڈ کنٹرول کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت بیس کمانڈر رفیقی ائیر کموڈور عدیل شہاب قریشی نے کی ، اجلاس میں ضلع جھنگ، ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے انتظا می افسران نے شرکت کی، ڈی سی ٹوبہ عمر عباس میلہ ،اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ ارم شہزادی،اسسٹنٹ کمشنر پیرمحل زاھد اقبال، ڈی ایس پی شورکوٹ، ڈی ایس پی ٹوبہ، پاک فضائیہ کے اعلیٰ افسران، وائلڈ لائف آفیسرز،انوائرنمنٹ آفیسر سمیت مقامی صحافیوں نے شرکت کی ،اجلاس میں فلائٹ سیفٹی آفیسر نے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فلائنگ زون ایریاز میں اڑتے پرندوں سے اپنے قومی قیمتی اثاثوں کو کیسے محفوظ رکھا جائے۔ اس موقع پر بیس کمانڈر رفیقی ائیر کموڈور عدیل شہاب قریشی نے شرکاء کو بتایا کہ کبوتر اور دیگر پرندے جہازوں اور پائلٹ کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہوتے ہیں اور ائیر بیس کے گردونواح میںماحول کو صاف ستھرا بنا کر ہم فضائی حادثات پر قابو پاسکتے ہیں اور شہریوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ ذبح شدہ جانوروں کی باقیات فوری طور پر زیر زمین دفن کریں یا مقامی انتظامیہ کے دیے گئے رابطہ نمبرز پر فوری طور پر ٹھکانے لگانے کی مہم کا ساتھ دیں تاکہ آسمان پر پرندے نہ منڈلائیں اورفضائی حادثات سے بچ کر قیمتی قومی اثاثہ جہاز اور انمول پائلٹ کی قیمتی جان کاتحفظ یقینی بنایا جاسکے۔ اجلاس میں کبوتر بازی پر بھی شہریوں سے اپیل کی گئی کہ آسمان پر اڑتے کبوتر بھی فلائی زون ایریا کیلئے بڑا خطرہ ہیں جن کا سد باب کیلئے شہری حکومت اور انتظامیہ سے تعاون کریں۔




