جدوجہد آزادی میں کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہیں،مریم نواز

لاہور(بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 5اگست 2019کا دن کشمیریو ں کی شناخت، حقوق اور مستقبل پر حملہ تھا، جسے پاکستان کبھی تسلیم نہیں کرے گا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے پیغام میں آزادی کی جدوجہد میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراجِ عقیدت اور ان کے اہلِ خانہ کے صبر و استقامت کو سلام کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم حقِ خودارادیت کی طویل جدوجہد میں اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ ہے اور ہمیشہ ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی۔مریم نواز شریف نے اقوامِ متحدہ، انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی مبینہ سنگین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیا جائے اور کشمیری عوام کو ان کے بنیادی حقوق کی فراہمی کے لیے موثر کردار ادا کیا جائے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ قائد محمد نواز شریف نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر پر دوٹوک اور اصولی مقف اختیار کیا، جبکہ پاکستان کشمیری عوام کے جائز حقِ خودارادیت کی حمایت اپنے قومی موقف کے مطابق جاری رکھے گا۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستانی عوام کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی منصفانہ جدوجہد کی ہر سطح پر حمایت کرتے رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں