لاہور (سپورٹس نیوز)اولمپک گولڈ میڈلسٹ جیولین تھرور ارشد ندیم ٹریننگ کیلئے گرائونڈ میں لوٹ آئے اورپنجاب اسٹیڈیم میں ہلکی پھلکی ٹریننگ کا آغاز کر دیا۔تفصیلات کے مطابق جیولین تھرور ارشد ندیم نے اسلامک سالیڈیریٹی گیمز سے قبل خود کو مکمل فٹ کرنے کا ٹارگٹ بنا لیا ہے، اسلامک سالیڈیریٹی گیمز 7 سے 21 نومبر تک سعودی عرب میں شیڈول ہیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ جاپان میں ہونے والی ورلڈکپ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے دوران انجری کا سامنا کرنا پڑا، انجری سے نجات حاصل کرنے کے لیے بہت کام کیا ہے اور بہتری آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلا ٹریننگ سیشن کیا ہے، امید ہے فٹ ہو جائوں گا، میرا اگلا ایونٹ اسلامک سالیڈیریٹی گیمز ہے۔




