اساتذہ،کلریکل سٹاف کی ترقی کیلئے ورکنگ پیپر مکمل کرنیکا حکم

فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی فیصل آباد نے مرد و خواتین اساتذہ اور کلریکل سٹاف کی ترقیوں کے لیے متعلقہ افسران کو ورکنگ پیپرز تین روز کے اندر مکمل کرکے جمع کرانے کی ہدایت کردی۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی فیصل آباد رائو عبدالکریم کی جانب سے جاری مراسلے میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ پرائمری سکول ٹیچرز (PSTs) کی ایلیمنٹری سکول ٹیچرز (ESTs) اور ESTs کی سیکنڈری سکول ٹیچرز (SSTs) کے عہدوں پر ترقی کے لیے مکمل ورکنگ پیپرز تیار کیے جائیں۔کلریکل سٹاف میں جونیئر کلرکس کو سینئر کلرک جبکہ سینئر کلرکس کو اسسٹنٹ/ہیڈ کلرک کے عہدوں پر ترقی دینے کے لیے بھی تازہ ترین اور مکمل سینیارٹی لسٹ سمیت تمام متعلقہ ریکارڈ ورکنگ پیپرز کے ساتھ فراہم کیا جائے، مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ تمام متعلقہ دستاویزات کے ساتھ ورکنگ پیپرز تین روز کے اندر لازمی طور پر جمع کرائے جائیں تاکہ مزید کارروائی عمل میں لائی جا سکے، افسران کو ہدایت کی ہے کہ مقررہ مدت میں کارروائی مکمل کی جائے، بصورت دیگر تاخیر کی صورت میں ذمہ داری متعلقہ افسران پر عائد ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں