فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مسلم لیگ ن مینارٹیز ونگ پنجاب کے صدر سینیٹر سردارخلیل طاہرسندھو نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کو موخر کرنے کے فیصلے کوعوامی حمایت سے محروم اورمایوسی کا اظہار ہے قرا ر د یا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ ملک منفی سیا ست ، انتشار اور فساد کا متحمل نہیں ہو سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو معاشی طور پر آگے لے جانیکی اولین شرط امن اور ا ستحکا م ہے ،بدامنی اور سیاسی بے یقینی میں کوئی بیرونی سرمایہ کار سرمایہ کاری نہیں کرے گا۔نوجوانوں کو یونیورسٹیوں سے گھسیٹ کر سڑکوں پر نہیں لانا چاہیے۔پی ٹی آئی نوجوانوں کو یونیورسٹیوں سے نکال کر سڑکوں پر لانے کی سیاست اور ان کے ہاتھوں میں ڈنڈے دے کر سڑکوں پر لانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں پی ٹی آئی نوجوانوں کو مرغیاں اور انڈے دینے کی بات کرتی تھی۔ہم نوجوانوں کو لیپ ٹاپ اور ڈیجیٹل اسکلز دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا یہ دو مختلف طرز سیاست اور دو مختلف سیاسی نظریات کی جنگ ہے۔ ایک سیاست ترقی کا نظریہ ہے، دوسری تشدد اور نفرت کا نظریہ ہے،پی ٹی آئی کے درد مند اور سنجیدہ لوگ اپنے ضمیر سے ضرور سوال کریں۔ ہمیں اس وقت امن، یکجہتی اور استحکام کی ضرورت ہے۔وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی کوششوں سے پاکستان امن و استحکام کا جزیرہ ہے۔ پاکستان کے دشمن ہمارے امن اور استحکام کو انتشار میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔




