کراچی(بیوروچیف)پاکستان میں مقامی کرنسی میں قرضوں کا اجرا بڑھانے کیلئے اسٹیٹ بینک اور انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے درمیان معاہدہ طے پاگیا ہے۔آئی ایس ڈی اے معاہدے کے تحت اس شراکت داری سے آئی ایف سی کرنسی کے خطرات کا موثرانتظام اور پاکستانی روپے میں سرمایہ کاریاں بڑھا سکے گا، یہ معاہدہ پاکستانی معیشت کے اہم شعبوں کو قرضوں کی فراہمی میں حائل رکاوٹیں دور کرنے اور ملک بھر میں ملازمتیں پیدا کرنے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔سٹیٹ بینک کے گورنر جمیل احمد نے کہا کہ پاکستان میں نجی شعبے کی نمو کو فروغ دینا ملک کی کامیاب اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے نہایت اہم ہے، آئی ایف سی کے ساتھ اس شراکت داری کا مقصد نجی شعبے کے لیے قرضوں کے مواقع میں اضافہ ہے۔آئی ایف سی کے نائب صدر جان گینڈولفو نے کہا کہ کرنسیوں میں اتار چڑھا ترقی پذیر معیشتوں کو لاحق نمایاں خطرات میں سے ہے اور مقامی کرنسی میں قرضوں کا اجرا پہلے کے مقابلے میں اب بہت زیادہ اہم ہو چکا ہے، ورلڈ بینک گروپ ایسے قرضوں کے فروغ کو سٹریٹجک ترجیح د یتا ہے اور اس سے پاکستان میں معاشی نمو کو تحریک ملے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ شرح مبادلہ کے خطرا ت ترقی پذیر ملکوں کی کمپنیوں کے لیے سنگین چیلنج ہیں۔




