ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے عوام دوست ویژن کے تحت ضلعی انتظامیہ ٹوبہ ٹیک سنگھ عوام کو معیاری شہری، صحت اور تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے لیے متحرک ہے۔ اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے تحصیل پیر محل کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر پیر محل وقاص ظفر اور چیف میونسپل آفیسر فاطمہ سلیم بھی ہمراہ تھیں۔ڈپٹی کمشنر نے سب سے پہلے اقبال پارک پیر محل کا دورہ کیا جہاں پارک کی بحالی اور بہتری کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے واکنگ ٹریک، گرین بیلٹس، پودے، روشنی کے انتظامات، بنچز اور بچوں کے جھولوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اقبال پارک کی بحالی پر اسسٹنٹ کمشنر اور میونسپل آفیسرز کی کارکردگی کو سراہا اور ہدایت کی کہ پارک کی دیکھ بھال اور خوبصورتی کو مستقل بنیادوں پر برقرار رکھا جائے۔




