فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ چک جھمرہ کے علاقہ 104 ج ب میں افسران کو شکایات لگانے کے شبہ پر واسا ملازم نے ساتھی ٹیوب ویل آپریٹر کو گلہ دبا کر موت کے گھاٹ اتار دیا، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتل کی تلاش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق 104 ج ب کے رہائشی قمر حسین نے بتایا کہ اس کا بھائی احتشام واسا ڈسپوزل پر ٹیوب ویل آپریٹر کی ڈیوٹی کرتا ہے اور اس کا ساتھی ملزم رضوان بھی وہاں پر ڈیوٹی کرتا ہے۔ ملزم رضوان ٹیوب ویل آپریٹر کی ڈیوٹی کیساتھ ساتھ انڈوں کی سیل کا کام کرتا ہے جو کہ اکثر اوقات ڈیوٹی سے غیر حاضر رہتا تھا۔ جس پر افسران نے اس کی سرزنش کی تو اس کا شک تھا کہ افسران کو احتشام نے شکایت لگائی ہے۔ گزشتہ شام احتشام ڈیوٹی پر گیا تو ملزم رضوان نے اس کو تشدد کا نشانہ بنایا اور گلہ دبا کر ابدی نیند سلا دیا۔ اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچے تو احتشام زندگی کی بازی ہار چکا تھا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کرکے قاتل رضوان کی تلاش شروع کر دی ہے۔




