افسروں کے بنگلوں سے ملازمین کو واپس بلوا کر ڈیوٹیوں پر حاضر کیا جائے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان ریلوے پریم یونین سی بی اے کے مرکزی چیف آرگنائزر خالد محمود چوہدری، صدر،لاہور ڈویژن فیاض احمد شہزاد، سیکرٹری خضر حیات بیگ، سینئر نائب صدر محمد جمیل ملک، آرگنائزر حاجی عبد العزیز مدنی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ اج کل سابقہ ڈی ایم او ڈاکٹر صائمہ کامسئلہ ریلوے میں اور میڈیا پر زیر بحث ہے، جہاں کہیں بھی انہیں کسی سینئر افسر نے یا کسی دیانتدار افسر نے اپنے کام پر توجہ دینے اور ذمہ داریوں کا احساس دلانے کی کوشش کی ہے تو محترمہ فوری طور پر ہراسمنٹ کا کیس لے کر کھڑی ہو جاتی ہے اور عورت کارڈ استعمال کرتی ہے۔ اس سے پہلے انہوں نے سابق ڈی ایس ملتان کلوڑ پر یہ الزام لگایا تھا جو کہ انتہائی دیانت دار اور محنتی افسر تھے،اب انہوں نے طارق لطیف جو لاہور کے ڈی ایس ہیں، ان کے ساتھ مسئلہ کھڑا کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ طارق لطیف ایک سخت گیر افسر ضرور ہیں لیکن نہ تو وہ کرپٹ ہیں اور نہ ہی بدکردار ہیں،ان کا لہجہ سخت ان افسران اور ملازمین کے ساتھ ہوتا ہے جو اپنی محکمانہ ذمہ داری میں غفلت،لاپرواہی اور غیر ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہیں ۔ طارق لطیف نے ڈی ایس لاہور کا چارج لینے کے بعد افسروں کے گھروں سے سینکڑوں ریلوے ملازمین کو واپس بلواکر ریلوے کی ذمہ داریوں پرکام کرنیکی ہدائت کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں