افغان شہریوں کی واپسی کیلئے ہولڈنگ ایریا قائم

سرگودہا( بیورو چیف) محکمہ داخلہ پنجاب کی ہدایت پر افغان پناہ گزینوں (رجسٹریشن کارڈ رکھنے والے افغان شہریوں) کی وطن واپسی کے عمل کے لیے سرگودہا میں ہولڈنگ ایریا قائم کر دیا گیا ہے۔ یہ ہولڈنگ ایریا پناہ گاہ، ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال کے قریب قائم کیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے ہولڈنگ ایریا میں تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ فیلڈ افسران کی ڈیوٹیاں تین شفٹوں میں لگا دی گئی ہیں تاکہ عمل کو بلا تعطل جاری رکھا جا سکے۔ ڈسٹرکٹ فوکل پرسن اور انچارج ہولڈنگ ایریا اس سارے عمل کی براہ راست نگرانی کر رہے ہیں۔سیکیورٹی کے لیے پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کا عملہ تعینات کر دیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ رجسٹریشن کارڈ رکھنے والے افغان شہریوں کو مقررہ طریقہ کار کے مطابق یہاں لایا جائے گا، ان کا اندراج اور کلیئرنس مکمل ہونے کے بعد انہیں اپنے وطن واپس بھیجا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ انسانی ہمدردی کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کی جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں