امام احمد رضا خان بریلوی برصغیر کی عظیم علمی و روحانی شخصیت تھے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) آستانہ عالیہ محدث اعظم پاکستان مرکزی سنی رضوی جامع مسجد جھنگ بازار میں مجدد اعظم امام احمد رضا خان بریلوی کے سالانہ عرس کے سلسلہ میں روحانی و علمی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں علما کرام، مشائخ عظام، مذہبی شخصیات اور عقیدت مندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب سے سجادہ نشین پیر فیض رسول حیدر، صاحبزادہ محمد علی حیدر، مولانا کوکب نورانی، پیر اجمل رضا قادری، سید مراتب شاہ، سید پیر ارشد القادری، سید ضہیب شاہ، مفتی محمد فضل رسول، مولانا ضیا اللہ قادری، مولانا طیب رضا اور دیگر علما و مشائخ نے خطاب کیا۔مقررین نے کہا کہ امام احمد رضا خان بریلو ی برصغیر کی عظیم علمی و روحانی شخصیت تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی قرآن و سنت کی تعلیمات کے فروغ، عشق رسول ۖ کے پیغام کو عام کر نے اور اسلامی عقائد کے تحفظ کیلئے وقف کر رکھی تھی۔ ان کی علمی، دینی اور روحانی خدمات تاریخ کا روشن باب ہیں۔ انہوں نے اپنی تصانیف اور علمی کاوشوں کے ذریعے امت مسلمہ کی رہنمائی کی اور مشکل دینی مسائل میں اہل سنت کی موثر ترجمانی کی۔مقررین نے کہا کہ موجودہ دور میں نوجوان نسل کو اپنے اسلاف کے علمی و دینی کارناموں سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ امام احمد رضا خان بریلوی کی تعلیمات ہمیں قرآن و سنت سے وابستگی، محبت رسول ۖ اور اتحاد و اخوت کا درس دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ اپنی زندگیوں کو اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھالیں اور معاشرے میں امن، محبت، رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دیں۔تقریب میں شرکا نے امام احمد رضا خان بریلوی کی دینی و ملی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ آخر میں ملک و قوم کی سلامتی، استحکام، امن و خوشحالی اور عالم اسلام کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں