امام الحق گیند لگنے سے زخمی

مائونٹ مونگانوئی (سپورٹس نیوز) نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ون ڈے میں پاکستان کی بیٹنگ کے دوران اوپنربلے باز امام الحق چہرے پرگیند لگنے سے زخمی ہوگئے اور انہیں گرائونڈ سے باہر جانا پڑگیا۔ تفصیلات کے مطابق مائونٹ مونگانوئی میں تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل کھیلا جارہا ہے۔ جس میں امام الحق کی ایک شاٹ پر فیلڈر کی تھرو ان کے ہیلمٹ کی گرل سے ہوتی ہوئی ان کے چہرے پر جالگی۔ گیند چہرے پر لگنے کے باعث امام الحق ریٹائرڈ ہرٹ ہوکر میدان سے باہر چلے گئے۔ٹیم مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ گیند امام الحق کے جبڑے پر لگی، امام الحق کن کشن ٹیسٹ پاس نہیں کرسکے، امام الحق کی جگہ عثمان خان بیٹنگ کریں گے۔ٹیم مینجمنٹ کے مطابق امام الحق کو گرائونڈ میں موجودایمرجنسی سینٹر میں طبی سہولت دی جا رہی ہے، ضرورت پڑنے پرامام الحق کواسپتال لیجایا جائیگا۔خیال رہے کہ نیوزی لینڈ نے پاکستان کو تیسرے ایک روزہ میچ میں جیت کے لیے 42اوورز میں 265رنز کا ہدف دیا ہے۔ نیوزی لینڈ کو تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن سبقت حاصل ہے۔دوسرے ایک روزہ میچ میں بیٹنگ کے دوران حارث رئوف کو بھی ہیلمٹ پر گیند لگی تھی جس کے بعد وہ کن کشن کے باعث گرائونڈ سے باہر چلے گئے تھے اور ان کی جگہ نسیم شاہ نے بیٹنگ کی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں