واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)ایران کے ساتھ نئی جنگ بندی اور جوہری مذاکرات کی بحالی کے لیے امریکا کی سفارتی کوششیں تیز ہوگئی ہیں، جن میں پاکستان اور قطر ثالثی کا کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس ان رابطوں کی قیادت کر رہے ہیں۔امریکی ویب سائٹ ایکسوس کی رپورٹ کے مطابق جے ڈی وینس گزشتہ 2 ہفتوں سے اہم علاقائی ثالثوں، قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی اور پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے تقریبا روزانہ رابطے میں ہیں۔ ان رابطوں کا مقصد ایران کے ساتھ جنگ بندی اور جوہری مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے لیے پیش رفت کرنا ہے۔رپورٹ کے مطابق وینس نے تقریبا 2 ہفتے قبل ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی کو خط بھی بھیجا تھا، جس میں براہِ راست مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی تجویز دی گئی۔ ایرانی حکام نے مبینہ طور پر اس خط کو سفارتی کوششوں میں مثبت پیشرفت کا ذریعہ قرار دیا ہے۔امریکی خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر جیرڈ کشنر بھی ان کوششوں میں شامل ہیں۔ امریکی اور ایرانی حکام کے درمیان تکنیکی سطح کی ابتدائی ملاقات کے امکان پر بھی بات ہوئی ہے، تاہم تاحال ایسی کوئی ملاقات نہیں ہوسکی۔ ثالثی کے عمل سے واقف ذرائع کے مطابق مذاکرات میں کچھ پیشرفت ضرور ہوئی ہے، لیکن عمل سست روی کا شکار ہے۔دوسری جانب خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی وسط مدتی انتخابات میں ری پبلکن پارٹی کی شکست کے بعد جے ڈی وینس نے اپنی سیاسی شناخت کو صدر ٹرمپ سے قدرے الگ انداز میں پیش کرنا شروع کردیا ہے۔ انہوں نے انتخابی نتائج کے بعد سوشل میڈیا پر بیان میں ایران جنگ کو ری پبلکنز کی شکست کی ایک وجہ قرار دیتے ہوئے تنازع جلد ختم کرنے، عوام کے لیے مہنگائی کم کرنے اور امریکی خارجہ پالیسی پر نظرثانی پر زور دیا۔رائٹرز کے مطابق وینس نے انتخابی مہم کے آخری مرحلے میں بھی ٹرمپ کی پالیسیوں کے بجائے اپنی ترجیحات، خصوصا معاشی قوم پرستی، خارجہ پالیسی میں محتاط رویے اور عوامی تحفظ کے معاملات کو زیادہ اجاگر کیا۔ سیاسی مبصرین انہیں 2028 کے صدارتی انتخاب کے لیے ری پبلکن پارٹی کے ممکنہ مضبوط امیدواروں میں شمار کرتے ہیں۔ادھر صدر ٹرمپ نے ایران کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنے کی اجازت دے رکھی ہے، تاہم فوجی کارروائی دوبارہ شروع کرنے کا امکان بھی رد نہیں کیا۔ ایکسوس کے مطابق ٹرمپ نے جمعے کو ایران کے جزیرے قشم پر امریکی حملے کی تصدیق کی تھی، جہاں مبینہ طور پر ایک فضائی دفاعی میزائل نظام نے امریکی لڑاکا طیارے کی جانب فائر کیا تھا۔




