امریکی ٹیرف کا معاملہ پاکستان کی حکمت عملی تیار

اسلام آباد (بیوروچیف) حکومت نے پاکستانی مصنوعات پر29فیصد امریکی ٹیرف عائد ہونے کے معاملے پر موثر حکمت عملی تیار کرلی۔وزیر اعظم شہباز شریف نے 2اعلیٰ سطح کی ٹیمیں بنادیں اور ان کی ہدایت پر اسٹیئرنگ کمیٹی اور ورکنگ گروپ قائم کردیا گیادونوں ٹیمیں امریکا کے ساتھ اضافی ٹیرف کے معاملے پر مذاکرات کریں گی۔وزیرخزانہ محمد اورنگزیب 12رکنی اسٹیئرنگ کمیٹی کے کنوینر جبکہ سیکرٹری تجارت جواد پال کو ورکنگ گروپ کا کنوینر مقرر کیا گیا ہے۔اسٹیئرنگ کمیٹی ٹیرف کے معاملے پر قائم ورکنگ گروپ کی نگرانی کرے گی۔ 19رکنی ورکنگ گروپ میں متعلقہ سیکرٹریز،کاروباری شخصیات بھی شامل ہیں۔ کمیٹی ممبران میں وفاقی وزرا، وزیراعظم کے معاون خصوصی، چیئرمین ایف بی آر، سیکرٹری خارجہ، امریکا میں سفیر، ڈبلیوٹی او میں نمائندے، ڈاکٹر اعجاز نبی منسٹرٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ واشنگٹن اور سیکرٹری تجارت بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔وزیراعظم کو امریکی ٹیرف کے معاملے پر پیشرفت سے آگاہ رکھا جائے گا۔اسٹیئرنگ کمیٹی کے ٹرم آف ریفرنس بھی جاری کردیے گئے، ورکنگ گروپ امریکی ٹیرف کا تجزیہ کرکے سفارشات مرتب کرے گا، امریکی اضافی ٹیرف سے پاکستانی مصنوعات پرممکنہ اثرات کا جائزہ لیا جائے گا اور ورکنگ گروپ بدلتے عالمی تجارتی حالات میں دستیاب مواقع کا بھی تجزیہ کرے گا۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دنیا کے مختلف ممالک پر جوابی ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا۔امریکی صدر نے پاکستانی مصنوعات پر بھی 29فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا ہے جو 9اپریل سے نافذ العمل ہو گا۔ یورپی یونین پر 20 فیصد، چین پر 34فیصد اور جاپان پر 24فیصد ٹیرف، بھارت پر 26فیصد اسرائیل پر 17فیصد اور برطانیہ پر 10فیصد ٹیرف عائد ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں