فیصل آباد ( سٹاف رپورٹر) انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی (انصاف گروپ) فیصل آباد اور انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی پنجاب کی بڑی کامیابی، آٹھ روپے فی کوئنٹل فیس فکس کروا دی گئی۔انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی پنجا ب اور انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی انصا ف گروپ فیصل آباد نے کاروباری برادر ی کے مفاد میں ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ پامرا (PAMRA) کی طرف سے نافذ کی جانے والی آٹھ روپے فی کوئنٹل فیس کو کامیابی کے ساتھ ختم کروا کر اسے فکس کروا دیا گیا ہے، جسے غلہ منڈی کی تاریخ میں ایسوسی ایشن کا ایک بہت بڑا کارنامہ قرار دیا جا رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق پامرا نے یکم ستمبر سے مارکیٹ فیس فی کونئینٹل 2روپے سے بڑھا کر8روپے کر دی اور غلہ منڈی کے گیٹوں سے اس کی وصولی بھی شروع کر دی جس پرصدر انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی حاجی سردار محمد،چیئر مین رانا طیب خاں،وائس چیئر مین شیخ محسن خالد، جنرل سیکر ٹری حافظ عبد القیوم ،سرپرست اعلیٰ حاجی منظور قادر،میاں عبدالمجید،سینئر نائب صدر شیخ شکیل احمد،نائب صدر محمد بلال لیاقت ،سیکر ٹری نشرو اشاعت فیصل پراچہ ،جوائنٹ سیکر ٹری رانا محمد زبیر ،فنانس سیکر ٹری ملک محفوظ اور دیگر نے عوامی شکایات پر فوری طور پر پنجاب کی قیادت سے رابطہ کیا اور چیئر مین پامرا،ڈی جی پامرا سے میٹنگ کر کے رکشہ،ریڑھی100روپے،پک اپ ،ہائی ایس ڈالا150روپے،مزدا ہر قسم200روپے،ٹرالی ہر قسم300روپے،ٹرک ہر قسم400روپے،ٹریلر 1100روپے مقرر کروا دیا ہے ۔اب فی کوئنٹل والی بات ختم ہو گئی ہے ۔ اس فیس کے نفاذ سے فیصل آباد سمیت پنجاب بھر کے آڑھتیوں اور تاجروں پر مالی بوجھ بڑھ رہا تھا اور کاروباری سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ تھا۔ اس صورتحال پر قابو پانے کے لیے انصاف گروپ فیصل آباد کے عمائدین اور انجمن آڑھتیان غلہ منڈی پنجاب کی قیادت نے انتہائی متحرک اور جاندار کردار ادا کیا۔ متعلقہ حکام کے ساتھ مسلسل مذاکرات، سود مند بات چیت اور بھرپور کوششوں کے بعد بالاخر اس مسئلے کا مثبت حل نکال لیا گیا ہے۔تجارتی حلقوں کی جانب سے اس کامیابی پر انجمن آڑھتیان غلہ منڈی پنجاب اور انصاف گروپ فیصل آباد کے عہدیداران کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔ تاجر رہنماں کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف آڑھتیوں کا معاشی بوجھ کم ہوگا بلکہ غلہ منڈی میں کاروبار کا ماحول بھی مزید سازگار بنے گا۔ ایسوسی یشن کی قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ مستقبل میں بھی غلہ منڈی کے تاجروں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کے لیے اسی طرح بھرپور جدوجہد جاری رکھے گی۔




