پی ایف اے کے زیر اہتمام ریفر یشر تربیت کا انعقاد

فیصل آباد ( سٹاف رپورٹر)نیوٹریشن انٹرنیشنل اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کے زیرِ اہتمام نمک کارخانہ داران کے لیے ایک روزہ ریفریشر تر بیت کا انعقاد نیوٹریشن انٹرنیشنل نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے تعاون سے فیصل آباد میں نمک کے پروسیسرز کے لیے ایک روزہ ریفریشر تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ اس تربیت کا بنیادی مقصد نمک میں آیوڈین کی مناسب شمولیت (Salt Iodization)، کوالٹی کنٹرول کے داخلی نظام، کوالٹی کے مقررہ معیارات اور غذائی تحفظ کے قوانین کی پاسداری کو یقینی بنانا تھا۔ تربیتی نشست کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلامِ پاک سے ہوا۔ اس کے بعد ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز (پنجاب فوڈ اتھارٹی) عمار جاوید نے تمام شرکا کا خیرمقدم کیا اور فوڈ سیفٹی کے قیام میں اس نوعیت کی تربیت کی اہمیت پر زور دیا۔ نیوٹریشن انٹرنیشنل کے صوبائی پروگرام مینیجر عزیز الرحمن نے اپنے خطاب میں ادارے کے اہم مقاصد اور آیوڈین کی کمی سے پیدا ہونے والے مسائل کے خاتمے کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو اجاگر کیا۔ تربیت کے دوران نیوٹریشن انٹرنیشنل کے زونل مینیجر محمد عرفان نے نمک میں آیوڈین کی تیاری کے تکنیکی عمل، کوالٹی کنٹرول کے طریقہ کار اور طے شدہ قانون کے مطابق پروڈکشن کی تفصیلات پر جامع پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے نمک کی پروسیسنگ اور صنعتی شعبے میں صنفی شمولیت (Gender Inclusion) کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ٹرینر عدیل شاہد نے فوڈ سیفٹی، حفظانِ صحت کے اصولوں اور مصنوعات کے معیار کو برقرار رکھنے سے متعلق شرکا کو تربیت فراہم کی۔ پروگرام کے اختتام پر ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشنز (پنجاب فوڈ اتھارٹی) امتیاز حسین نے اپنے اختتامی کلمات میں نیوٹریشن انٹرنیشنل کے اس اقدام کو سراہا اور کہا کہ عوامی صحت کے تحفظ کے لیے ایسے اقدامات کا تسلسل انتہائی ضروری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں