سرگودھا (بیورو چیف)کمشنر سرگودھا ڈویژ ن حافظ شوکت علی کی زیرصدارت تمباکو نوشی کی روک تھام اور انسدادِ تمباکو قوانین پر مؤثر عملدرآمد کے حوالے سے ڈویژنل امپلیمنٹیشن اینڈ مانیٹرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی جبکہ ڈویژن بھر میں تمباکو کنٹرول اقدامات، عوامی آگاہی مہمات اور قانون پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلا س کے دوران کمشنر سرگودھا ڈویژن نے تعلیمی اداروں، عوامی مقامات اور سرکاری دفاتر میں تمباکو نوشی پر پابندی کے قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو تمباکو نوشی کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مربوط حکمت عملی اپنائیں اور انسدادِ تمباکو قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اجلاس میں آگاہی پروگرامز، مانیٹرنگ نظام کو مزید مؤثر بنانے اور ضلعی سطح پر باقاعدہ انسپکشنز کے انعقاد سے متعلق مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔




