اوپن ڈور پالیسی پر عملدرآمد جاری،کمشنر کا شہریوں کی شکایات حل کرنیکاحکم

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں کا اوپن ڈور پالیسی پر بلاتعطل عملدرآ مد جاری ہے۔انہوں نے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے شہریوں سے فردا فردا ملاقات اور مسائل و شکایات سنیں۔انہوں نے ڈویژنل وضلعی محکموں کے افسران سے کہا کہ عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں۔متعلقہ محکموں کے افسران تمام درخواستوں پر مقررہ وقت کے اندر میرٹ کے مطابق کارروائی یقینی بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی، سرکاری اداروں میں شفافیت اور شہریوں کے مسائل کا فوری ازالہ ڈویژنل انتظامیہ کی ترجیح ہے۔کمشنر نے کہا کہ اوپن ڈور پالیسی کا مقصد عام آدمی کو بلا رکاوٹ انتظامیہ تک رسائی اور اس کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ شہریوں کو ریونیو،میونسپل سروسز، صحت، تعلیم،تجاوزات،صفائی ستھرائی، نکاسی آب اور دیگر شہری مسائل کے حوالے سے درپیش شکایات کے فوری حل کے لئے مؤثر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ افسران عوامی شکایات کے ازالہ کے لئے فیلڈ میں متحرک کردار ادا کریں اور ہر درخواست گزار کو عزت، سہولت اور بروقت ریلیف ملنا چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں