فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے ترقیاتی سکیموں پر تعمیراتی کاموں کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ یہ بھی واضح کیا ہے کہ تمام ترقیاتی سکیموں پر حفاظتی اقدامات ہر صورت میں مکمل ہونے چاہئے۔ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی سکیموں کی پیش رفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیرا علی پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے فیصل آباد کے سیوریج سسٹم کو اپ گریڈ کرنے کے لئے اربو ں روپے کے فنڈز جاری کئے گئے ہیں جس کے تحت شہر بھر میں سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن کی متعدد ترقیاتی سکیمیں جاری ہیں تاہم ان پر کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ایم ڈی واسانے مزید کہا کہ جھنگ روڈ سے ملحقہ علاقوں کو سیوریج مسائل میں مکمل ریلیف دینے کے لئے جھنگ روڈ کی مین سکیم پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی جائے تاکہ اس کو جلد از جلد مکمل کیا جا سکے اور ان ترقیاتی سکیموں کے ثمرات عوام تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام ترقیاتی سکیموں کا کارڈن آف کیا جائے اور وہاں پر حفاظتی انتظامات مکمل کرنے کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوئی غفلت اور لاپرواہی قابل قبول نہیں ہے۔




