اے سی تاندلیانوالہ کی زیر نگرانی منافع خوروں کیخلاف کریک ڈاؤن

تاندلیانوالہ (نامہ نگار) تاندلیانوالہ میں حکومتی احکامات کی روشنی میں مہنگائی، ناجائز منا فع خوری اور عوام کے استحصال کے خلاف اسسٹنٹ کمشنر تاندلیانوالہ محترمہ اقصی امتیاز کی زیرِ نگرانی اور ریونیو آفیسر تاندلیانوالہ سہیل انور خاں نیازی کی قیادت میں مختلف بازاروں اور تجارتی مراکز میں بھرپور کریک ڈان کیا گیا۔اس کارروائی کے دوران اشیائے ضروریہ کی فروخت کرنیوالی دکانوں پر سرکاری ریٹ لسٹوں کی موجودگی، مقرر ہ نرخوں پر عملدرآمد، وزن و پیمائش کے آلات اور اشیا کے معیار کی مکمل جانچ پڑتال کی گئی۔ متعدد دکانوں پر ریٹ لسٹیں آویزاں نہ ہونے، مقررہ نرخوں سے زائد قیمتیں وصول کرنے اور وزن میں کمی جیسے سنگین خلاف ورزیوں کا انکشاف ہوا۔انتظامیہ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے خلاف ورزی کے مرتکب متعدد دکانوں کو سیل کر دیا جبکہ بعض دکانداروں کو بھاری جرمانے اور سخت وارننگز جاری کی گئیں۔ کارروائی کے دوران بازاروں میں دکان داروں کی دوڑیں لگ گئی اور دکانداروں نے از خود ریٹ لسٹیں آویزاں کرنا شروع کر دیں۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر تاندلیانوالہ اقصی امتیاز نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، مہنگائی، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی۔ قانون شکنی کرنیوالوں کیخلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں