بد قسمتی سے آج کا نوجوان سکرین تک محدود ہو کر رہ گیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) بدقسمتی سے آج کا نوجوان صرف سکرین کی حد تک محدود ہو کر رہ گیاہے اور کھیلوں کے میدان ویرانیت کا سماں پیش کرتے ہیں۔ اس ضمن میں نوجوان نسل کی جسمانی اور ذہنی نشوونما کے لئے سپورٹس کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈین ویٹرنری سائنسز زرعی یونیورسٹی فیصل آباد ڈاکٹر شاہد محمود نے تین روزہ ویٹرنری انسٹی ٹیوٹ سپورٹس گالا کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین ویٹرنری میڈیکل سوسائٹی ڈاکٹر محمد کاشف سلیمی، ڈاکٹر بلال اسلم، ڈاکٹر سہیل ساجد اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ گالا میں پاکستان کی چار ویٹرنری یونیورسٹیوں کے طلبہ و طالبات حصہ لے رہے ہیں جس میں کرکٹ، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، شطرنج، اتھلیٹکس، باسکٹ بال، لانگ ٹینس، سکوائش و دیگر مقابلہ جات شامل ہیں۔ ڈاکٹر شاہد محمود نے کہا کہ چند دہائی پہلے تک ملک بھر کے کھیلوں کے میدان کھلاڑیوں سے بھرے ہوتے تھے مگر اب یہ رحجان تنزلی کا شکار ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں