لاہور (بیوروچیف) پنجاب میں گدائی کے خلاف نیا آرڈیننس نافذہوگیا۔گورنر پنجاب نے پنجاب ویگرنسی ترمیمی آرڈیننس 2026 کی منظوری دے دی،بچوں سے بھیک منگوانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرلیاگیا، نیا آرڈیننس فوری نافذ العمل ہوگا۔پنجاب میں بچے کی قانونی تعریف تبدیل کرکے عمر کی حد 14 سے بڑھا کر 16 سال کر دی گئی ہے،بچوں سے بھیک منگوانے والے والدین اور سرپرستوں کو 3 سال تک قید کی سزا ہو سکے گی،نئے آرڈیننس کے تحت بچوں سے بھیک منگوانے پر 3 لاکھ روپے تک جرمانے کی سزا بھی مقررکی گئی ہے۔پنجاب میں گدائی کی روک تھام کے لیے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی کرتے ہوئے ڈی جی سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کنٹرولر آف ویگرنسی مقرر کردیئے گئے ہیں،اب بچوں کو گداگری میں دھکیلنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی مزید سخت کرنے کی راہ ہموارہوگئی ہے۔پنجاب ویگرنسی ترمیمی آرڈیننس 2026 کا گزٹ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیاگیاہے۔پولیس حکام کے مطابق نئے آرڈیننس کے ذریعے بچوں کے استحصال اور ان سے بھیک منگوانے کی روک تھام ممکن ہو سکے گی۔




