سرگودہا(بیورو چیف) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم کے ہمراہ چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کے دفتر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہارٹیکچر اتھارٹی کی جانب سے جاری ہارٹیکچرل کام کا تفصیلی جائزہ لیا اور رفتار و معیار بہتر بنانے کے لیے واضح ہدایا ت جاری کیں۔ ایم ڈی ہارٹیکچر اتھارٹی محمد ارشد نے جاری کام سے متعلق بریفنگ دی۔اس موقع پر ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل رانا شاہد عمران، ظہور الہی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ڈسٹرکٹ آفیسر علی عابد نقوی نے بتایا کہ چائلڈ پروٹیکشن ویلفیئر بیورو کا باقاعدہ افتتاح اگلے ماہ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں سڑکوں پر بھیک مانگنے والے اور لاوارث بچوں کو ریسکیو کر کے ویلفیئر بیورو منتقل کیا جائے گا، جہاں انہیں محفوظ ماحول میں تعلیم اور تربیت فراہم کی جائے گی۔ابتدائی مرحلے میں 50 بچوں کے لیے انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں اور انہیں پرائمری سطح تک تعلیم دی جائے گی۔ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے عمارت کے مختلف حصوں کا بھی تفصیلی معائنہ کیا اور کہا کہ بچوں کی بحالی اور تعلیم حکومت کی اولین ترجیح ہے۔




