نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں منعقد ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے تہذیبی مکالمہ فورم میں پاکستان کی جانب سے پیش کی گئی اہم تجاویز کو متفقہ طور پر حتمی سفارشات میں شامل کر لیا گیا ہے، جسے ثقافتی سفارت کاری کے محاذ پر ایک نمایاں پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔فورم کے اختتامی مرحلے میں بھارت کے سیکریٹری ثقافت نے حتمی سفارشات کا خلاصہ پیش کیا، جس میں رکن ممالک کے درمیان ثقافتی اور تحقیقی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے سے متعلق پاکستانی نکات کی باضابطہ توثیق کی گئی۔قبول کی گئی تجاویز میں رکن ممالک کے ثقافتی شعبوں کے درمیان باہمی روابط اور تعاون کو مضبوط بنانا، تحقیقی اداروں میں اشتراک بڑھانا اور مشترکہ تحقیقی صلاحیتوں کو فروغ دینا شامل ہے۔اس کے علاوہ ثقافت سے متعلقہ اداروں اور تاریخی ورثے کے تحفظ کے لیے ایک مشترکہ پلیٹ فارم قائم کرنے کی پاکستانی تجویز بھی منظور کر لی گئی ہے۔حتمی سفارشات میں موسمیاتی تبدیلیوں سے تہذیبی و تاریخی ورثے کو لاحق خطرات سے بچانے کے لیے ایس سی او ممالک کے متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے، جبکہ تاریخی نوادرات کی غیر قانونی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے مشترکہ اقدامات کرنے کی تجویز بھی تسلیم کر لی گئی ہے۔ان سفارشات کی منظوری کے بعد شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان ثقافتی ورثے کے تحفظ، تحقیقی تبادلوں اور نوادرات کی اسمگلنگ کے خلاف ادارہ جاتی سطح پر عملی تعاون کے اگلے مراحل پر کام آگے بڑھایا جائے گا۔دریں ثناء ۔اسلام آباد(بیوروچیف) بھارت میں منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس میں پاکستان کی موجودگی بھارتی میڈیا کے لیے سب سے بڑی خبر بن گئی۔پاکستان مخالف منفی پروپیگنڈا میں مصروف رہنے والا بھارتی میڈیا پاکستان کی موجودگی میں عالمی اجلاس کا ایجنڈا ہی بھول گیا، تہذیبی مکالمے کے لیے منعقدہ عالمی اجلاس بھارتی میڈیا کی توجہ کے باعث پاکستان کے تذکرے میں تبدیل ہوگیا۔ایس سی او اجلاس کی بھارتی کوریج میں پاکستانی وفد کی موجودگی اور سرگرمیوں کو غیر معمولی اہمیت دی گئی۔پاکستانی وزیر مصدق ملک کی اہلیہ کی اجلاس کے دوران مختلف سرگرمیاں بھی بھارتی میڈیا کی توجہ سمیٹتی رہیں۔بھارت کے پاکستان کو نظر انداز کرنے کے نام نہاد دعوں کے باوجود عالمی اجلاس میں بھارتی میڈیا کی رپورٹنگ میں پاکستان نمایاں ترین موضوع رہا۔




