فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایس ایچ او تھانہ وومن نے بہنوئی کے قتل پر صلح کرنے پر بہن کو ملنے والی 45 لاکھ کی رقم ہڑپ کرنیوالے بھائی کو گرفتار کر لیا۔ تفصیل کے مطابق سمن آباد کے علاقہ امین آباد کی رہائشی رابعہ آصف نے بتایا کہ دو سال قبل 12اگست کو اس کے خاوند محمد آصف کو قتل کر دیا گیا جس کا مقدمہ تھانہ غلام محمد آباد میں درج ہے اور اس کا حقیقی بھائی نوید انور ولد محمد انور سکنہ امین آباد نے اپنے بہنوئی آصف کے قتل میں ملوث ملزمان سے سازباز ہو کر اسکو اور بچوں کو صلح کرنے پر 45لاکھ کی مالی امداد دینے کا کہا کہ عدالت میں بیان دو تو رقم ملے گی اور 19مارچ 2025ء کو ایڈیشنل سیشن جج محمد اویس کی عدالت میں بیان دلوا کر ملزمان کو بری کروا دیا۔ سائلہ کے اعتماد پر ملزمان نے رقم 45لاکھ حقیقی بھائی نوید انور کو دے دی۔ بعدازاں حقیقی بھائی نوید بیوہ بہن اور 5 بھانجوں کی رقم واپس کرنے سے انکاری ہو گیا جس پر ایس ایچ اوومن اسماء کنول نے ٹیکنیکل وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اپنی ٹیم کے ہمراہ بہن کی رقم ہڑپ کرنے والے بھائی کو گرفتار کر کے شامل تفتیش کر لیا۔ سی پی او تنویر حسین نے بے ضمیر بھائی کو گرفتار کرنے پر ایس ایچ او تھانہ وومن اور ان کی ٹیم کو شاباش دی ہے۔




