فیصل آباد(ایجوکیشن رپورٹر )وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف اور وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کے پیپر لیس اور ڈیجیٹل وژن کے تحت بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد نے طلبا اور والدین کی سہولت کے لیے 8 اہم سروسز کو مکمل طور پر آن لائن کر دیا ہے۔ چیئرمین بورڈ پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین کی قیادت میں شروع کیے گئے اس اقدام کے تحت اب طلبا گھر بیٹھے آئی بی سی سی ویریفکیشن، نہم و گیارہویں جماعت کے آن لائن رزلٹ کارڈ، پیپرز کی ری چیکنگ، تعلیمی ریکارڈ میں درستگی، آن لائن چالان، داخلہ فارم، مضامین و گروپس کی تبدیلی اور فائل ٹریکنگ جیسی سہولیات سے استفادہ کر سکیں گے۔اس ڈیجیٹل نظام کے نفاذ سے طلبا اور والدین کو معمولی امور کے لیے بورڈ آفس کے بار بار چکر لگانے سے نجات ملے گی جبکہ وقت اور اخراجات کی بھی بچت ہوگی۔ بورڈ حکام کے مطابق این او سی کے اجرا کی سروس بھی جلد آن لائن کر دی جائے گی۔چیئرمین بورڈ پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین کا کہنا ہے کہ طلبا کو گھر بیٹھے جدید ڈیجیٹل سہولیات فراہم کرنا اور ان کے قیمتی وقت کو بچانا بورڈ کی اولین ترجیح ہے۔




