سرگودہا (بیوروچیف) صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے خوشاب میں دریائے جہلم پر نئے تعمیر شدہ پل کا اچانک دورہ کیا اور منصوبے کے تمام سیکشنز کا تفصیلی جائزہ لیا۔ محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے افسران نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دی۔ دریائے جہلم پر 2200 فٹ طویل جدید پائل فائونڈیشن پل تعمیر کیا گیا ہے۔ منصوبے کا آغاز 2022 میں ہوا اور اسے ریکارڈ مدت میں اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر ملک صہب احمد بھرتھ نے بتایا کہ اس پل کی تعمیر پر 1191.340 ملین روپے لاگت آئی ہے۔ 14 اسپین اور 33.67 فٹ چوڑائی کا یہ پل پنجاب کے انفراسٹرکچر میں ایک تاریخی اضافہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پل کی تکمیل سے میانوالی، خوشاب اور بھکر کی ٹریفک کو تیز ترین، محفوظ اور بلا تعطل سفر میسر آئے گا، جو عوامی سہولت اور علاقائی ترقی میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔ ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر صوبہ بھر میں تمام ترقیاتی منصوبے معیار، رفتار اور شفافیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ریکارڈ مدت میں مکمل کیے جا رہے ہیں۔ دریائے جہلم کا یہ منصوبہ محکمہ سی اینڈ ڈبلیو پنجاب نے نیسپاک اور ون ٹاس بلڈرز کے اشتراک سے کامیابی کے ساتھ مکمل کیا۔ مزید برآں رات گئے صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات نے سرگودھا ڈویڑن کی تین زیر تعمیر شاہراہوں خوشاب روڈ، جھاوریاں روڈ اور میانوالی روڈ کا بھی اچانک معائنہ کیا۔ انہوں نے بعض حصوں میں ناقص کام پر افسران کی سخت سرزنش کی اور مانیٹرنگ افسران کو فوری طور پر شاہراہوں کی ٹیسٹنگ کرنیکی ہدایت کی۔




