سرگودہا (بیورو چیف) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے شہر کے مختلف فلٹریشن پلاٹس کا اچانک دورہ کیا اور صاف پانی کی فراہمی کے نظام کا موقع پر جائزہ لیا۔ انہوں نے اقبال کالونی ، بلاک نمبر 17 اور دیگر علاقوں میں قائم فلٹریشن پلاٹس کا معائنہ کیا اور پانی کے معیار، پریشر اور صفائی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ کمشنر نے موقع پر پانی کی کوالٹی ٹیسٹنگ بھی کروائی اور واسا و پنجاب صاف پانی اتھارٹی کے افسران کو ہدایت کی کہ تمام فلٹریشن پوائنٹس کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے تاکہ شہریوں کو صاف اور محفوظ پانی فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے اس موقع پر محمدیہ کالونی واٹر سپلائی اسکیم کا بھی اچانک دورہ کیا جہاں واسا کی جانب سے ری ویمپنگ اور بحالی کا کام جاری ہے۔ کمشنر کو بتایا گیا کہ یہ اسکیم تقریباً سو سال پرانی ہے جو 1925 میں قائم کی گئی تھی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ری ویمپنگ کے دوران عمارت کی اصل ساخت اور تاریخی اہمیت کو برقرار رکھا جائے، جبکہ جدید تقاضوں کے مطابق صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تاریخی ورثے کو نقصان پہنچائے بغیر سسٹم کی فعالیت اور صفائی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ دورے کے دوران علاقہ مکینوں نے کمشنر سے مختلف مسائل پر بات کی اور شہر کی سڑکوں کی بحالی مہم پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے خراجِ تحسین پیش کیا۔شہریوں نے کچھ بلاکوں میں پیچ ورک اور صفائی سے متعلق نشاندہی بھی کی جس پر کمشنر نے متعلقہ محکموں کو فوری کارروائی کی ہدایت دی۔کمشنر سرگودہا نے کہا کہ پانی کے معیار اور صفائی کے نظام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ تمام فلٹریشن پوائنٹس پر فلٹرز کی بروقت تبدیلی اور مشینری کی مکمل فعالیت یقینی بنائی جائے۔




