تمام منصوبے بروقت اور معیاری انداز میں مکمل کئے جائینگے،ڈپٹی کمشنر ٹوبہ

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت تحصیل گوجرہ میں شہری ترقی، صفائی اور عوامی سہولیات کی بہتری کیلئے جاری منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر میلہ نے تحصیل گوجرہ کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے مختلف ترقیاتی منصوبوں اور عوامی سہولتوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر چوہدری ریاض گجر اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی یاسر شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر عمر میلہ نے سبزی منڈی گوجرہ میں ٹف ٹائل کی تنصیب اور سیوریج سسٹم کی بہتری کے جاری کاموں کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبہ جلد مکمل کیا جائے تاکہ تاجروں اور شہریوں کو بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔ بعد ازاں انہوں نے زیر تعمیر رکشہ اسٹینڈ کا معائنہ کیا اور کام کی رفتار تیز کرتے ہوئے اسے جلد مکمل کرنیکی ہدایت جاری کی۔جنرل بس اسٹینڈ گوجرہ میں تزئین و آرائش اور ٹف ٹائل کے جاری کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے شہریوں کیلئے بہتر سفری سہولیات، آرام دہ ماحول اور منظم انتظار گاہ کی فراہمی پر زور دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں