ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کمالیہ میں نیشنل تھیلیسیمیا ڈے کے موقع پر آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کی قیادت میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر میاں محمد عدیل عارف نے کی، جنہوں نے شرکاکو تھیلیسیمیا کی بیماری، اس کی وجوہات، بچاو اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں آگاہ کیا۔ڈاکٹر عدیل عارف نے بتایا کہ تھیلیسیمیا ایک موروثی بیماری ہے جس کا دنیا میں کوئی مستقل علاج موجود نہیں، تاہم اس سے بچاو ممکن ہے۔ انہو ں نے شادی سے قبل تھیلیسیمیا کی اسکریننگ لازمی کرانیکی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب تھیلیسیمیا کے تمام ٹیسٹ مکمل طور پر مفت فراہم کر رہی ہے اور نکاح نامے میں تھیلیسیمیا ٹیسٹ کو لازمی قرار دینے کے لیے قانون سازی کی جا چکی ہے، جس پر جلد عمل درآمد کیا جائے گا تاکہ آئندہ نسلوں کو اس مرض سے محفوظ رکھا جا سکے۔سیمینار میں ڈاکٹرز، نرسز، ایڈمن آفیسرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے بھرپور شرکت کی۔




