فیصل آباد( سٹاف رپورٹر) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ سے مقامی طور پر ٹرانسپورٹ ، پیداوار اور برآمدات کی شپمنٹ میں غیر معمولی اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس اضافہ کے منفی اثرات کو کم کرنے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں حکومت پہلے ہی تیل کے ذخائر میں اضافہ کیلئے منصوبہ بندی کر رہی ہے تاہم اس کو حتمی شکل دینے کی ضرورت ہے۔ اس طرح تیل اور گیس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کی مقامی پیداوار بہت کم ہے اور ہمیں زیادہ تر تیل اور گیس خلیجی ممالک سے درآمد کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ان ممالک سے دوستانہ تعلقات کے حوالے سے بھاری مقدار میں تیل سعودی عرب اور دیگر ممالک سے رعایتی نرخوں یا Deferred payment کی شرائط پر لے رہا ہے۔ پاکستان دوسرے ملکوں سے بھی تیل خرید سکتا ہے مگر اس کیلئے اس کو فوری ادائیگی کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یقینا یہ مشکل صورتحال ہے لیکن اس کے باوجود حکومت کو اس مسئلے کا مستقل اور پائیدارحل تلاش کرنا ہوگا تاکہ عوام کو ریلیف دینے کے ساتھ ساتھ صنعتی پیداوار کی لاگت کو بھی کم کیا جا سکے اور اس کے نتیجے میں برآمدات کا سلسلہ جاری رہ سکے۔




