لاہور (سپورٹس نیوز) جارح مزاج بلے باز آصف علی کا بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہنے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کو کئی اہم میچز میں اپنی جارحانہ اننگز کی بدولت یادگار فتوحات دلوانے والے قومی کرکٹر آصف علی نے اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان کر کے پاکستانی شائقین کرکٹ کو حیران کر دیا۔ قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اور جارح مزاج بلے باز آصف علی نے بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہنے کا اعلان کیا ہے۔اس حوالے سے جاری اپنے بیان میں آصف علی نے کہا کہ وہ تمام مداحوں، ٹیم کے ساتھیوں اور کوچز کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہر مشکل اور آسان وقت میں ان کا ساتھ دیا اور حوصلہ افزائی کی۔ اپنے اہل خانہ اور قریبی دوستوں کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے آصف علی نے کہا کہ انہوں نے ہر لمحہ ان کا حوصلہ بڑھایا، چاہے وہ خوشیوں کے لمحات ہوں یا غم کے، خاص طور پر اس مشکل وقت میں جب ورلڈکپ کے دوران ان کی بیٹی کا انتقال ہوا۔انہی لوگوں کی دعائوں اور محبت نے انہیں ہمت دی اور آگے بڑھنے کا حوصلہ بخشا۔ آصف علی نے کہا کہ اگرچہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہو رہے ہیں لیکن ان شا اللہ وہ ڈومیسٹک اور لیگ کرکٹ میں کھیل کا حصہ بننا جاری رکھیں گے۔ یاد رہے کہ آصف علی نے بین الاقوامی کرکٹ میں 21 ون ڈے اور 58 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی۔




