فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ جامعہ زرعیہ تعلیم و تحقیق کو بین الاقوامی معیارات سے ہم آہنگ کرنے کے لئے کوشاں ہے تاکہ بہترین افرادی قوت اور حل پر مبنی تحقیقات کو یقینی بناتے ہوئے زرعی خوشحالی کا نیا باب مرتب کیا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن اور سٹاف کلب کی جانب سے سالانہ عشائیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال یونیورسٹی انتظامی امور میں جدت لاتے ہوئے ای فائلنگ نظام رائج کیا ہے جس سے شفافیت اور کم وقت میں امور کی سرانجام دہی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال فارمیسی ،سپورٹس کمپلیکس، پاک کوریا نیوٹریشن سنٹر سمیت دیگر ترقیاتی منصوبہ جات پایہ تکمیل کو پہنچے جبکہ جلد ہی آرٹس اینڈ ہیومینیٹیز اور میتھ و سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی نئی بلڈنگ مکمل ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سابق وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خاں کے دور میں یونیورسٹی کے نہ صرف تعلیمی و تحقیقی معیار اور انفراسٹرکچر میں اضافہ ہوا بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی اب اس جامعہ کا شمار دنیا کی بہترین پچاس یونیورسٹیز میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2025ء میں زرعی یونیورسٹی کی ریسرچ فنڈ میں 200ملین کا اضافہ ہوا ہے اور2026 میں اس میں اضافے کیلئے مربوط کاوششیں کی جائیں۔




