سرگودھا(بیورو چیف) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے کہا ہے کہ جشن عید میلاد النبی ۖ کو مذہبی عقیدت و احترام، محبت، اخوت اور بھائی چارے کے جذبے کے ساتھ شایان شان انداز میں منایا جائیگا، 12 ربیع الاول کے موقع پر منعقد ہونے والے جلوسوں، محافل میلاد اور دیگر مذہبی پروگراموں کے شرکاء کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ اس امر کا اظہار انہوں نے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، جس میں 12 ربیع الاول کے جلوسوں، محافل میلاد اور دیگر پروگراموں کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر توقیر محمد نعیم، اے ڈی سی ہیڈکوارٹرز احمد مغیث، ضلعی امن کمیٹی کے اراکین، متعلقہ انتظامی و پولیس افسران اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں 12 ربیع الاول کے موقع پر سیکیورٹی، صفائی ستھرائی، بجلی، گیس، ٹریفک، جلوس روٹس اور دیگر انتظامات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ امن کمیٹی کے اراکین نے مختلف امور پر اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ 12 ربیع الاول کے موقع پر جلوسوں اور محافل میلاد میں شرکت کرنے والے شہریوں اور مہمانوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔ متعلقہ محکمے اپنے اپنے دائرہ کار میں تمام انتظامات بروقت مکمل کریں اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جلوس کے روٹس پر صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں جبکہ جہاں ترقیاتی کام مکمل ہوچکے ہیں وہاں سڑکوں اور راستوں کو فوری طور پر قابل استعمال بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی، گیس اور دیگر ضروری سہولیات کی بلاتعطل فراہمی کے لیے متعلقہ ادارے پیشگی اقدامات کریں۔ اس موقع پر سرکاری عمارات کو خوبصورتی سے سجانے اور شہر بھر میں چراغاں کے انتظامات بھی کیے جائیں گے۔ڈی پی او توقیر محمد نعیم نے کہا کہ 12 ربیع الاول کے جلوسوں اور محافل میلاد کے لیے سیکیورٹی کے جامع انتظامات کیے جائیں گے۔ جلوسوں کے روٹس، حساس مقامات اور دیگر اہم مقامات پر فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور تعاون کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبی ۖ محبت، اخوت، بھائی چارے اور امن کا پیغام ہے اور اس موقع پر امن و امان کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جلوسوں اور محافل کے انتظامات کی مسلسل نگرانی کی جائے اور تمام ضروری اقدامات مقررہ وقت سے قبل مکمل کر لیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جشن عید میلاد النبی ۖ کے پُرمسرت موقع پر بہترین انتظامات کے ذریعے شہریوں کو سازگار اور پُرامن ماحول فراہم کیا جائے گا۔ اس موقع پر ملک و قوم کی سلامتی، امن و امان، مذہبی ہم آہنگی اور 12 ربیع الاول کے تمام پروگراموں کے بخیر و خوبی انعقاد کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔




