جھینگا فارمنگ کے فروغ کے لئے اقدامات

اسلام آبا د(بیوروچیف)وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے پاکستان میں جھینگا فارمنگ کے فروغ کے لیے جامع روڈ میپ تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس شعبے کو مضبوط بنانے، ویلیو چین بہتر کرنے اور پیداوار، سرمایہ کاری اور برآمدات میں اضافے کے لیے سفارشات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔انہوں نے یہ بات آبی جھینگا (ایکوا شرمپ)کیلئے کراپ کلسٹر ویلیو چین سے متعلق ذیلی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ کمیٹی کا مقصد وفاقی و صوبائی حکومتوں، صنعت اور دیگر متعلقہ فریقین کی مشترکہ کوششوں کے ذریعے جھینگا فارمنگ کو فروغ دینا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نے پاکستان میں جھینگا فارمنگ کے فروغ کے لیے کراپ کلسٹر ویلیو چین سے متعلق کمیٹی قائم کی تھی، جو اس شعبے کی پوری ویلیو چین میں درپیش مسائل کے حل اور دستیاب مواقع سے استفادے کے لیے جامع حکمت عملی پر کام کر رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ذیلی کمیٹی نے شعبے کی ترقی کے لیے 14 ترجیحی شعبوں کی نشاندہی کرتے ہوئے دو اجلاس منعقد کیے، جس کے بعد ان ترجیحی شعبوں کا جائزہ لینے اور قابلِ عمل سفارشات مرتب کرنے کے لیے سات ورکنگ گروپس تشکیل دیے گئے۔جنید انوار چوہدری نے کہا کہ تمام سات ورکنگ گروپس اپنے اجلاس مکمل کر چکے ہیں، جن میں صوبائی حکومتوں، صنعت سے وابستہ نمائندوں اور متعلقہ وفاقی اداروں نے شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ ورکنگ گروپس کی سفارشات کو یکجا کرکے ایک جامع رپورٹ مرتب کی جا رہی ہے، جس میں پاکستان میں جھینگا فارمنگ کی موجودہ صورتحال، استعداد، درپیش چیلنجز اور دستیاب مواقع کا جائزہ لیا جائے گا۔رپورٹ میں مجوزہ اقدامات پر عمل درآمد کے لیے متعلقہ وفاقی و صوبائی اداروں اور نجی شعبے کی ذمہ داریوں کا بھی تعین کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ قلیل، وسط اور طویل مدتی اہداف، درکار وسائل، سرمایہ کاری کی ضروریات اور عمل درآمد کی مثر نگرانی کے لیے طریقہ کار بھی وضع کیا جائے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ سفارشات کو یکساں فارمیٹ میں مرتب کیا جا رہا ہے تاکہ اداروں کے درمیان بہتر رابطہ کاری، ذمہ داریوں کا واضح تعین اور جوابدہی یقینی بنائی جا سکے اور جھینگا فارمنگ کے فروغ کے لیے ایک قابلِ عمل اور مقررہ مدت پر مشتمل حکمت عملی تیار ہو۔انہوں نے بتایا کہ یکجا کی گئی رپورٹ جائزے اور رہنمائی کے لیے انہیں پیش کی جائے گی، جس کے بعد وہ سفارشات کا جائزہ لے کر ترجیحات اور مجوزہ اقدامات کی ترتیب طے کریں گے۔ جنید انوار چوہدری نے کہا کہ ان کی منظوری کے بعد سفارشات وزیراعظم کو پیش کی جائیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں