فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں عوام کو معیاری، محفوظ اور ملاوٹ سے پاک اشیائے خورونوش کی فراہمی یقینی بنانے، مہنگائی کے اثرات سے متوسط اور کم آمدن والے طبقے کو تحفظ دینے اور ملاوٹ مافیا کے خاتمے کے لیے پنجاب بھر میں بھرپور اقدامات جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں صوبائی وزیر برائے فوڈ سکیورٹی پنجاب سلمی بٹ نے فیصل آباد کا دورہ کیا اور غیر معیاری و جعلی مصالحہ جات تیار کرنے، معروف برانڈز کی جعلی پیکنگ اور غذائی مصنوعات میں ملاوٹ کرنے والے عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں کی نگرانی کی۔صوبائی وزیر کی نگرانی میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر تین مقامات پر جعلی غذائی مصنوعات کی تیاری اور پیکنگ کا دھندا بے نقاب کرتے ہوئے ساتویں میل جھنگ روڈ پر واقع فیکٹری میں چھاپہ مارا اور پلاسٹر آف پیرس سے جعلی کالی مرچ، اجوائن اور کلونجی تیار کی جا رہی تھی اس دوران ایک ہزار کلوگرام پلاسٹر آف پیرس اور دیگر مضر اجزا برآمد کیے گئے اور ملوث عناصر کے خلاف مقدمہ درج کروایا گیا۔گورونانک پورہ میں معروف مصالحہ کمپنی کے نام سے جعلی پیکنگ اور غیر معیاری مصالحہ جات تیار کرنے والے یونٹ کو سیل کرکے مالک کو گرفتاراور مقدمہ درج کروایا گیا۔ اسی طرح غلہ منڈی میں گودام کی چیکنگ کے دوران جعلی کریم کے پیکٹس اور مصالحہ جات کی جعلی پیکنگ پکڑی گئی، جہاں سے مالک کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کروا دیا گیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر سلمی بٹ نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر عوام کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں و معیار کو کنٹرول کرنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے متحرک ہیں۔ عالمی سطح پر مہنگائی کے اثرات پاکستان میں بھی مرتب ہو رہے ہیں، تاہم پنجاب حکومت عوام پر اضافی بوجھ نہیں پڑنے دے گی اور ان کی قوت خرید برقرار رکھنا اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ جعلی مصالحہ جات اور معروف کمپنیوں کے نام سے جعلی مصنوعات تیار کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ملاوٹ مافیا کے خلاف آپریشن صرف فیکٹریوں تک محدود نہیں بلکہ جعلی پیکنگ اور پرنٹنگ میں ملوث عناصر بھی قانون کی گرفت میں آئیں گے۔ چھوٹے گھروں، گوداموں اور خفیہ یونٹس میں جعلی اشیائے خورونوش تیار کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائیوں کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ جعلی مصالحہ جات، چائے، کریم اور دیگر غذائی مصنوعات تیار کرنے والے منظم نیٹ ورک کا سراغ لگا کر کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ پنجاب بھر میں ملاوٹ اور جعلی اشیائے خورونوش تیار کرنے والوں کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے اور کسی کو عوام کی صحت سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔صوبائی وزیر سلمی بٹ نے آٹے کی دستیابی، معیار اور سپلائی کا جائزہ لینے کے لیے شہر کے مختلف علاقوں کا بھی دورہ کیا اور آٹا خریدنے والے شہریوں سے براہ راست گفتگو کرکے سرکاری آٹے کے معیار اور دستیابی کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے دکانداروں کو مقررہ نرخوں پر معیاری آٹے کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔آٹے کے معیار سے متعلق شکایت موصول ہونے پر صوبائی وزیر نے فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ آٹے کا نمونہ لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے بھجوا دیا اور شہریوں کی شکایات پر فوری نمونے حاصل کرکے 24 گھنٹے میں لیبارٹری رپورٹ حاصل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو آٹے کی فراہمی میں کسی قسم کی دشواری پیش نہیں آنی چاہیے۔




