سکولوں میں اجازت کے بغیر ویڈیو نہ بنانیکی ہدایت

فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر) حکومت پنجاب کے محکمہ سکول ایجوکیشن نے صوبے بھر کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کو سکولوں میں میڈیا نمائندگان کے غیر مجاز داخلے اور طلبہ و اساتذہ کی پیشگی اجازت کے بغیر ویڈیو بنانے کے واقعات کی رپورٹنگ اور قانونی کارروائی کے حوالے سے ہنگامی ہدایات جاری کر دی ہیں۔محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ ایک میڈیا چینل کے نمائندگان کی جانب سے مبینہ طور پر ایک تعلیمی ادارے میں داخل ہو کر سکول انتظامیہ کی پیشگی اجازت کے بغیر طلبہ اور عملے کی ویڈیوز بنائی گئیں۔ محکمہ نے اس معاملے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بالخصوص کم عمر طلبہ کی اجازت اور والدین کی رضامندی کے بغیر فلم بندی اداروں کی سکیورٹی، بچوں کے تحفظ، نجی زندگی اور حفاظتی انتظامات کے لیے سنگین خطرات پیدا کر سکتی ہے۔آئندہ ایسے کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں متعلقہ سی ای او ایجوکیشن فوری طور پر متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ذریعے قانونی کارروائی شروع کروائیں گے۔محکمہ نے متعلقہ سی ای اوز سے جامع فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ بھی طلب کی ہے، جس میں متاثرہ تعلیمی ادارے کا نام، مقام اور مکمل تفصیلات، واقعے کی تاریخ اور وقت، میڈیا چینل اور اس کے نمائندگان کی شناخت، سکول میں داخلے کے حالات اور انتظامیہ سے اجازت لینے یا نہ لینے کی تفصیلات شامل ہوں گی۔اس کے علاوہ ویڈیو بنانے یا انٹرویو کرنے والے طلبہ اور عملے کی تفصیلات، والدین، سرپرستوں یا متعلقہ ملازمین کی پیشگی رضامندی کی صورتِ حال اور یہ بھی بتایا جائے گا کہ مذکورہ فوٹیج کسی ٹی وی چینل، الیکٹرانک، پرنٹ یا سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر نشر یا اپ لوڈ کی گئی ہے یا نہیں۔محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے واضح کیا ہے کہ تعلیمی اداروں میں بچوں کے تحفظ، نجی زندگی اور ادارہ جاتی سکیورٹی کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے واقعات کو سنجیدگی سے لیا جائے اور تمام متعلقہ تفصیلات پر مشتمل رپورٹ محکمہ کو بھجوائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں