لاہور (سپورٹس نیوز) پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رئوف نے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کی خواہش ظاہر کردی ہے۔فاسٹ بولر حارث رئوف نے پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون میں شاندار آغاز کرنے کے بعد ریڈ بال کرکٹ میں واپسی کی خواہش ظاہر کردی ہے۔انہوں نے پی ٹی وی کی نمائندگی کرتے ہوئے او جی ڈی سی ایل کے خلاف افتتاحی میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کی ہیں۔واضح رہے کہ حارث رئوف نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے صرف ایک ٹیسٹ میچ کھیلا ہے، انہوں نے دسمبر 2022 میں راولپنڈی میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا اور میچ میں ایک وکٹ حاصل کی تھی تب سے وہ طویل فارمیٹ کی کرکٹ سے دور ہیں۔فاسٹ بولر نے 13 اوورز کروائے تھے اور فیلڈنگ کے دوران انجری کا شکار ہوکر سیریز سے باہر ہوگئے تھے۔تاہم حالیہ انٹرویو میں حارث رئوف نے کہا ہے کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی خدمت کرنا چاہتے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ ان کی بولنگ ٹیم کے لیے کارآمد ثابت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ میں ٹیسٹ کرکٹ میں خود کو دستیاب رکھنے کی پوری کوشش کروں گا۔واضح رہے کہ انگلینڈ نے حال ہی میں ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کو 0-3 سے وائٹ واش کیا ہے اور قومی ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں بھی آخری نمبر پر آگئی ہے۔




