ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر عمر میلہ کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، حساس اداروں، قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں، متعلقہ صوبائی و وفاقی محکموں کے سربراہان اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلا س میں ضلع میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، انسدادِ دہشت گردی کے اقدامات اور نیشنل ایکشن پلان کی مختلف شقوں پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلا س کے دوران مختلف محکموں نے اپنی کارکردگی اور جاری اقدامات پر بریفنگ دی۔ پیرا فورس نے انفور سمنٹ کارروائیوں، تجاوزات کے خاتمے اور پرائس کنٹرو ل مہم کی پیش رفت سے آگاہ کیا، جبکہ سول ڈیفنس حکام نے غیر قانونی پٹرول پمپس اور ایل پی جی کی غیر قانونی ڈی کینٹنگ کے خلاف جاری کارروائیوں کی تفصیلات پیش کیں۔ کسٹمز حکام نے اسمگلنگ کے خلاف اقدامات سے متعلق بریفنگ دی، جبکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر 323افراد کو 38لاکھ 13ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔




