اسلام آباد (بیوروچیف) حکومت نے دوہری شہریت رکھنے والے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے، خصوصا حج 2027ء کی تیاری کرنے والے افراد کو سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب پہلی مرتبہ پاکستانی پاسپورٹ بنوانے والے ایسے حجاج کی سیکیورٹی کلیئرنس کا عمل تیز کیا جائے گا تاکہ وہ بروقت پاسپورٹ حاصل کرکے حج کی درخواست مکمل کرسکیں۔ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا نے ڈائریکٹر جنرل انٹیلیجنس بیورو فواد اسد اللہ خان سے مشاورت کے بعد پہلی مرتبہ پاکستانی پاسپورٹ حاصل کرنے والے دوہری شہریت کے حامل اوورسیز پاکستانی حجاج کی سیکیورٹی کلیئرنس جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ اس حوالے سے دنیا بھر میں موجود پاکستانی سفارتخانوں کو بھی باقاعدہ سرکلر بھیج دیا گیا ہے۔حج کے لیے پاسپورٹ حاصل کرنے کے خواہش مند افراد کے لیے پاسپورٹ حکام نے ایک خصوصی فارم بھی جاری کیا ہے۔ درخواست گزار اس فارم میں اپنی ضروری معلومات درج کرکے اسے پاسپورٹ درخواست کے ساتھ متعلقہ پاکستانی سفارتخانے میں جمع کرائے گا۔ اس اقدام کا مقصد پہلی مرتبہ پاکستانی پاسپورٹ بنوانے والے دوہری شہریت کے حامل افراد کو سیکیورٹی کلیئرنس کے لیییکیورٹی کلیئرنس کا عمل تیز کرکے پاسپورٹ جلد جاری کرنا ہے۔اس سے قبل پہلی مرتبہ پاکستانی پاسپورٹ بنوانے والے دوہری شہریت کے حامل افراد کو سیکیورٹی کلیئرنس کے لیے کئی ماہ انتظار کرنا پڑتا تھا، جس کے باعث حج کی تیاریوں میں مشکلات پیش آسکتی تھیں۔رپورٹ کے مطابق یہ سہولت خصوصا حج کے خواہش مند اوورسیز پاکستانیوں کے لیے متعارف کرائی گئی ہے۔ اس معاملے پر چیئرمین اوورسیز پاکستانیز ویلفیئر کونسل نعیم نقشبندی نے بھی تقریبا دو ہفتے قبل ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا سے ملاقات کی تھی، جس میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل اور حکومت و اوورسیز پاکستانیوں کے درمیان رابطے کو بہتر بنانے سمیت مختلف امور پر گفتگو ہوئی تھی۔




