اسلام آباد (بیوروچیف) ٹریلین ڈالر اکانومی کے ہدف کی جانب اہم پیش رفت کرتے ہوئے حکومت نے 12اگست کو ویژن پاکستان 2047 لانچ کرنیکا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع وزیراعظم آفس کے مطا بق وزیراعظم شہباز شریف ویژن پاکستا ن 2047 پروگرا م کا باضا بطہ آغاز کریں گے، جس کے تحت ملکی معیشت، ترقی اور مستحکم معاشی گروتھ کیلئے طویل المدتی پروگرام متعارف کرایا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق ویژن پاکستان 2047کے تحت نوجوان نسل کو مستحکم معاشی ترقی، خوشحالی اور انوویشن کے مواقع فراہم کرنے کیلئے خصو صی پروگرام بھی شامل کئے جائیں گے۔حکومت نے وزا ر ت منصوبہ بندی کے اڑان پاکستان پلان کو بھی ویژن پاکستان 2047کے مطابق تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں وزیراعظم آفس نے تمام وزارتوں اور متعلقہ اداروں سے ویژن پاکستان 2047کیلئے اہداف طلب کر لئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ویژن پاکستان 2047کیلئے تمام وزارتوں کو سٹریٹجک اہداف، اصلاحات اور طویل المدتی ترقیاتی ایجنڈا فراہم کرنیکی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ نیشنل ڈویلپمنٹ، اکنامک ٹرانسفارمیشن، ہیومن کیپیٹل ڈویلپمنٹ اور ٹیکنالوجی سے متعلق اہداف بھی منصوبے کا حصہ ہوں گے۔ویژن پاکستان 2047 میں موسمیاتی پائیداری اور گورننس ریفارمز جیسے اہم شعبوں کے اہداف بھی شامل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔




