لاہور (بیورو چیف) پنجاب حکومت نے ٹرانسپورٹرز کی شکایات کے ازالے اور ٹرانسپورٹ سیکٹر میں شفافیت کے فروغ کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کیا ہے۔اس سلسلے میں اوور لوڈنگ، فٹنس سرٹیفکیٹ اور روٹ پرمٹ کی خودکار نگرانی کے لیے نئے اقدامات کیے گئے ہیں۔ نئے نظام کے تحت ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز (آر ٹی اے)کے عملے کو گاڑیوں کی چیکنگ صر ف کیمروں کے سامنے کرنے کی اجازت ہوگی، جو سیف سٹی اتھارٹیز کے کیمروں سے منسلک ہوں گے۔ ٹریفک اور دیگر قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالی گاڑیوں کی چیکنگ کو ریکارڈ کیا جائے گا جبکہ پنجاب ٹرانسپورٹ اتھارٹی اس عمل کی رئیل ٹائم مانیٹرنگ کرے گی۔ابتدائی طور پر یہ نظام 24 اضلاع میں پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کی چیکنگ کے لیے نافذ کیا جائے گا۔ آر ٹی اے کے عملے کو سیف سٹی کے کیمروں کے علاوہ کہیں بھی گاڑی چیک کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، اور نئی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔اس نئے شفاف نظام کے لیے پنجاب ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور سیف سٹیز اتھارٹی کے درمیان معاہدہ بھی طے پا گیا ہے۔




