حکومت کا پورٹ قاسم میں گارمنٹس سٹی قائم کرنے کا اعلان

اسلام آباد (بیوروچیف) وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری کی صدارت میں پورٹ قاسم میں گارمنٹس سٹی کے قیام سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں منصوبے کی پیش رفت، اراضی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی سمیت مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں پورٹ قاسم میں 400 ایکڑ رقبے پر گارمنٹس سٹی قائم کرنے کا اعلان کیا گیا، حکام کے مطابق منصوبے کے پہلے مرحلے میں گارمنٹس سٹی کے لیے 250ایکڑ رقبہ مختص کیا جائے گا۔وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے کہا کہ گارمنٹس سٹی منصوبے میں نجی سرمایہ کاری کو بنیادی اہمیت دی گئی ہے جبکہ یہاں اعلیٰ قدر کی حامل ملبوسات تیار کی جائیں گی، منصوبے سے ایک لاکھ 38 ہزار روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے جبکہ سالانہ 2.2 ارب ڈالر کی برآمدات متوقع ہیں۔انہوں نے کہا کہ برآمد کنندگان کی سہولت کے لیے گارمنٹس سٹی میں ون ونڈو نظام قائم کیا جائے گا تاکہ سرمایہ کاروں اور برآمد کنندگان کو مختلف اداروں سے متعلق امور ایک ہی مقام پر نمٹانے کی سہولت حاصل ہو۔جنید انوار چوہدری کے مطابق پورٹ قاسم اتھارٹی گارمنٹس سٹی کے لیے بنیادی سہولیات فراہم کرے گی جبکہ منصوبے میں ماحول دوست ٹیکنالوجی کے فروغ کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔وزیر بحری امور نے کہا کہ گارمنٹس سٹی کے قیام سے پاکستان کی ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی برآمدات میں اضافہ ہوگا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے کے ساتھ ملکی معیشت کو بھی تقویت ملے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں