چنیوٹ(نامہ نگار)وزیر اعلی پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق خواتین میں احساس تحفظ اجاگر کرنے،خواتین کے حقوق ، خواتین پر تشدد کی روک تھام کیلئے عملی اقدامات جاری ہیں۔ چنیوٹ پولیس کی جانب سے خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے گورنمنٹ گریجوایٹ کا لج برائے خواتین چنیوٹ میں آگاہی سیمینار کا انعقا د کیا گیا۔ آگاہی سیمینار میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چنیوٹ عبداللہ احمد، ڈی ایس پی سرکل سٹی شعیب خان،انچارج اینٹی ویمن ہراسمنٹ اینڈ وائلنس سیل سب انسپکٹر شمائلہ، لیڈیز پولیس، کالج انتظامیہ اور سٹوڈنٹس نے شرکت کی۔ڈی پی او عبداللہ احمد نے خواتین کے تحفظ کے حوالے سے پولیس سروسز سے متعلق ملٹی میڈیا کے ذریعے کالج طالبات کو آگاہی دی۔ طالبات میں احساس تحفظ اجاگر کرنے کیلئے ویمن سیفٹی ایپ, اینٹی ویمن ہراسمنٹ اینڈ وائلنس سیل،ورچول ویمن پولیس سٹیشن،ایمرجنسی نمبر 15 و دیگر سروسز سے آگاہ کیا گیا۔ طالبات کو ویمن سیفٹی ایپ کے استعمال کے طریقہ کار، افادیت اور اینٹی ویمن ہراسمنٹ سیل،تھانہ جات میں وکٹم سپورٹ آفیسر کے ورک سے آگاہی دی گئی۔ڈی پی او نے طالبات کو ہراسگی کی اقسام،دور حاضر میں سائبر ہراسگی کے حوالے سے آگاہی دی۔ڈی پی اونے ہراسگی کی صورت میں پنجاب پولیس سمیت دیگر فورمز سے متعلق آگاہی دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او عبداللہ احمد کا کہنا تھا کہ خواتین پر گھریلو تشدد، ہراسمنٹ اور بدسلوکی کے واقعات کسی صور ت برداشت نہیں کیے جائیں گے اور ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے تمام تر ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔




