فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)فیصل آباد کے درآمدی اور برآمدی پوٹینشل سے فائدہ اٹھانے کیلئے ڈرائی پورٹ کی بحالی کیلئے ہر ممکن کوششیں کی جائیں گی۔ یہ بات چیف کلکٹر کسٹمز اپریز منٹ پنجاب محمد علی رضا ہنجرہ نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میںبزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے فیصل آباد کے صنعتکاروں کو خاموش سپاہی قرار دیا جو مشکلات کے باوجود معیشت کی بحالی کیلئے جہاد کر رہے ہیں۔ انہوں نے درآمدی اور برآمدی تاجروں کو یقین دلایا کہ انفورسمنٹ پر کمپرومائز کئے بغیر بزنس کمیونٹی کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر فیصل آباد میںہی اُن کو بنیادی سہولتیں مہیا کی جائیں تو کوئی بھی کراچی سے سامان کی کلیئرنس کو ترجیح نہیں دیگا۔ انہوں نے مختلف مسائل کا احاطہ کرتے ہو ئے کہا کہ جو مسائل اُن کے بس میں ہیں اُن کو فوری طور پر حل کیا جائے گا جبکہ دیگر مسائل کے حل کیلئے متعلقہ اداروں اور اعلیٰ افسران کولکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فیڈمک میں کسٹم کا آفس بن سکتا ہے تاکہ یہاں سے درآمد و برآمد کیلئے براہ راست سہولتیں مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ یہاں سے ٹرین کے ذریعے سامان کی نقل وحمل کو بھی شروع کیا جا سکے۔ انہوں نے فیصل آباد بارے چیمبر کی دستاویزی فلم کو سراہا اور کہا کہ وہ اِس کی کاپی مہیا کریں تاکہ اِس کو وسط ایشیا میں ایف بی آر کے ٹریڈنگ پارٹنرز سے شیئر کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت فیصل آباد اِن ملکوں کے رڈار پر نہیں تاہم اس ڈاکو منٹری کے بعد وہ یہاں آ کے باہمی تجارت کو فروغ دے سکیں گے۔




