اسلام آباد (بیوروچیف) دل کی بے ترتیب دھڑکن کے علاج کیلئے اب بیرونِ ملک جانے کی ضرورت نہیں ۔ معیاری، محفوظ اور جدید علاج اب پاکستان میں ہی دستیاب ہوگا ۔ اسلام آباد کے پمز اسپتال میں امریکن ٹیکنالوجی پر مبنی پروسیجر کا آغاز کردیا گیا۔پمز میں الیکٹرو فزیالوجی یونٹ کے سربراہ بریگیڈیئر ریٹائرڈ ڈاکٹر عظمت حیات اور کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر اختر بندیشہ نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ پی ایف اے پروسیجر معیاری، محفوظ اور مفت علاج فراہم کرے گا، ایک گھنٹے میں مریض کی دھڑکن بحال کی جاسکتی ہے۔ بریگیڈیئر (ر) ڈاکٹر عظمت حیات نے پمز میں پی ایف ایکاکامیاب پروسیجر انجام دیا، ڈاکٹرعظمت حیات نے کہا کہ مریض کو فالج اور دل کے دورے سے بھی بچایا جاسکتا ہے، پاکستان میں تقریباً 50لاکھ افراد دل کی بے ترتیب دھڑکن کا شکار ہیں۔ڈاکٹر اختر بندیشہ نے کہا کہ مشین کی مالیت 80 کروڑ، منصوبے پر 7.25ارب روپے خرچ ہوں گے۔




